بھٹکل:27/جون (ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع کے دورے پر نکلیں میسور کی رانی پرمودا دیوی اتوار کی شام مرڈیشور میں قیام کیااور منگل کی صبح مرڈیشور مندر پہنچ کر پوجا کرکے ریاست کی بہتری اور بارش کے لئے پرارتھناکی۔
مندر پہنچی رانی پرمودا دیوی کو مندر انتظامیہ کے مینجر منجوناتھ شٹی نے استقبال کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی ۔ رانی کی طرف سے ایشور کی خصوصی پوجا کی گئی ، اس موقع پر رانی خاموش کھڑے ہوکر تمام رسومات کا مشاہدہ کرنے کے بعد پرساد لے کر مندر سے باہر نکلیں ۔ اس موقع پر ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے پرمودادیوی نے کہاکہ میں نے اس سے پہلے بھی مرڈیشور کا دورہ کیا ہے ، مرڈیشور مندر پہنچ کر پوجا کرنے اور یہاں کے ماحول کا نظارہ کرنے سے دل کو بڑا سکون ملتاہے ، بھگوان سے پرارتھنا ہے کہ یہاں کے لوگ بہتر زندگی گزاریں۔ اس کے بعد انہوں نے اڈگونجی کی طرف اپنا سفر باندھا۔ بتایا گیا ہے کہ سفر کے دوران رانی کے ساتھ خاندان والے اور صنعت کار یشودھر نائک ،ستیہ جاوگل وغیرہ شریک رہیں گے۔ خبر ہے کہ وہ 29 جون کو گوکرن کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گی۔